سانگھڑ (رپورٹ اشفاق سلہری)
ضلع سانگھڑ میں بھی محرم الحرام کے مرکزی اور روایتی ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے۔ انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے سخت انتظامات کی بدولت ضلع بھر سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق2,685 پولیس اہلکاروں نے ضلع بھر میں فرائض سرانجام دیے۔200 رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی الرٹ برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ہمراہ تعینات رہے۔ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کی نگرانی کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہے۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد اسلام مغل، چیمبر آف کامرس کے عہدیداران، اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے جلوسوں کے ہمراہ رہ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔شہریوں اور عزاداروں نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر انتظامیہ، پولیس اور پاک رینجرز کی کاوشوں کو سراہا۔

