جیکب (رپورٹ مجیب کھوسو)
ٹھل کے نواحی گاؤں گھنور خان بنگلانی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں رسم مایوں میں بیٹھی کنواری لڑکی جنت خاتون پراسرار طور پر قتل ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتولہ کے گھر میں کہرام مچ گیا۔اطلاعات کے مطابق جنت خاتون شادی کی رسم مایوں کے سلسلے میں اپنے گھر میں موجود تھی کہ اسے قتل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے دوسری جانب مقتولہ کے ورثاء نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

