ٹانک(بیورورپورٹ)
ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان نے کہا ہے کہ ضلع ٹانک کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو اعلیٰ نسل کے مصنوعی نسل کشی کے معیاری سیمن فراہم کیے جائیں گے تاکہ مویشیوں کی پیداوار، نسل اور معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔ ضلع میں جدید طرز کا مذبح خانہ بھی تعمیر کیا جائے گا جس سے گوشت کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حفظانِ صحت کے اصولوں کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک کے صدر سید بادشاہ کنڈی، جنرل سیکرٹری کفایت اللہ پراچہ، شیخ رحمت اللہ سمیت دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر جمشید خان نے کہا کہ ٹانک پیزو روڈ پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو عرصہ دراز سے عوام کا ایک اہم مطالبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیر کچھ بائی پاس روڈ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد عوام کے لیے کھول دی جائے گی، جس سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور آمدورفت کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے ضلعی محکموں کے سربراہان اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پوری ذمہ داری، دیانتداری اور لگن کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ سرکاری اداروں کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہر کی خوبصورتی اور عوامی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بیوٹی فیکیشن فنڈز کو مکمل شفافیت کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ مختلف عوامی مقامات، شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش کے ذریعے ٹانک کو ایک خوبصورت اور مثالی ضلع بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر کو پریس کلب اور صحافی برادری کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ مشکلات اور مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جمشید خان نے صحافیوں کے مسائل غور سے سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، جو عوامی مسائل کو اجاگر کرکے حکومتی اداروں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے دورہ پریس کلب کے دوران صحافیوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان باہمی تعاون، عوامی خدمت اور ضلع کی ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے ضلع ٹانک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے

