چکوال (جلیل نقوی)
ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر انفورسمنٹ ٹیم نے سہگل آباد، خانپور اور ملہال مغلاں میں تجاوزات اور مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔انفورسمنٹ آفیسر عثمان جمیل کی نگرانی میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ متعدد افراد کو ایمرجنسی پروہیبیشن آرڈرز اور ریموول آرڈرز جاری کیے گئے۔انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران وارننگ اور ہدایات ملنے پر 20 سے 25 غیر قانونی تجاوزات متعلقہ افراد نے خود ہی ختم کر دیں، جس سے عوامی راستوں اور سرکاری اراضی کو واگزار کرانے میں مدد ملی۔مزید برآں تقریباً 10 ایمرجنسی پروہیبیشن اور ریموول آرڈرز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

