لاہور:صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آج سے 5 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی ضرورت کی صورت میں شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
5 جون تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں، آندھی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

