تربت:(نامہ نگارکیچ)
آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع کیچ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک اور خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے۔ قتل و غارت، اغواء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم نے پورے ضلع کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جبکہ صوبائی حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔۔ آئے روز نوجوانوں کو اغواء برائے تاوان کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہریوں کے قیمتی سامان، زرعی سولر، موٹر سائیکلیں اور دیگر املاک چوری ہو رہی ہیں، اور اگر کوئی شہری مزاحمت کرے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے۔آل پارٹیز کیچ نے واضح کیا کہ اگر سدباب کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آل پارٹیز کیچ ضلع بھر کے تمام سیاسی، سماجی تجارتی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک سخت لائحۂ عمل اختیار کرے گی۔

