بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز )

قلعہ عبداللہ کے زی اڈہ علاقے میں واقع نادرا مارکیٹ کے ایک ہوٹل میں آج نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی جبکہ دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سید جعفر آغا، مطیع اللہ عرف متک آغا اور داد محمد کاکڑ ہوٹل پر موجود تھے۔ اسی دوران ہونڈا موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔فائرنگ کے نتیجے میں سید جعفر آغا زخمی ہو گئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق داد محمد کاکڑ اور مطیع اللہ عرف متک آغا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔

