حیدرآباد ( رپورٹ : دلدار علی بلال)
کاشف علی شورو نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور انہیں بروقت ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام، شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ظہور احمد لکھن میونسپل کمشنر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، طفیل احمد ابڑو چیف ایگزیکٹو آفیسر حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، علی اکبر شاہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشنز سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حیدرآباد، ذوالفقار حیدر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور فہیم احمد اعوان جنرل منیجر پاک اٹلس بھی موجود تھے۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور پاک التاش کی جانب سے عیدالاضحیٰ آپریشن کے لیے ضلع حیدرآباد کے تینوں آپریشن زونز، قاسم آباد، حیدرآباد سٹی اور لطیف آباد میں مجموعی طور پر 9 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ہر کلیکشن پوائنٹ پر ڈمپرز اور ایکسکیویٹرز موجود ہوں گے۔ آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 32 ڈمپرز اور 10 ایکسکیویٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

