جھڈو (رپورٹ/ قیصر راجہ راجپوت) جھڈو شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف شہریوں، آبادگاروں، سماجی تنظیموں اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ شہر بھر کی مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں جبکہ شہریوں نے احتجاجی ریلی نکال کر مٹھی میرپورخاص مین روڈ پر دھرنا دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جھڈو شہر اور گردونواح کے علاقوں میں پینے کے پانی کا شدید بحران جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ پانی کے حصول کے لیے دربدر ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔دھرنے کے باعث مٹھی میرپورخاص مین روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
جھڈو میں پانی کی شدید قلت کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، مٹھی میرپورخاص روڈ پر دھرنا

