میران شاہ: شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کو آپریشن میں بڑی کامیابی مل گئی، انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ خارجی عمر عرف جان میر عرف ثاقب تور 4ساتھیوں سمیت جہنم واصل کردیا گیا۔
خارجی سرغنہ عمرعرف جان میر عرف ثاقب تور کے سر کی قیمت 30لاکھ روپے مقرر تھی۔ہلاک فتنہ الخوارج کا سرغنہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر کئی دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
خارجی عمر عرف ثاقب تور نے اسپین وام میں بوبالی مسجد کے اطراف میں زیر زمین بنکر، سرنگیں اور بارودی جال بچھا رکھا تھا ،سکیورٹی فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر جہنم واصل کیا ۔
ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت سے علاقے میں امن بحال ہو گا۔ خوارجی سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیلئےایک بڑا دھچکا ہے، عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔

