چکوال (جلیل نقوی): پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس چکوال کے لان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بلال بن عبدالحفیظ نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز زراعت بلوچ، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر مرید عباس، انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر عتیق احمد خان، ضلع کونسل، پیرا فورسز سمیت مختلف محکموں کے افسران، اہلکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور پیرا فورسز کے دستوں نے سلامی دی۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال بن عبدالحفیظ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، تعاون اور دیرینہ تعلقات کی روشن مثال ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ پاکستان بھی “ون چائنا پالیسی” پر ثابت قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون نہ صرف خطے کے استحکام بلکہ معاشی ترقی کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔تقریب کے موقع پر شہداء پارک اور مختلف یادگار مقامات کو خصوصی چراغاں اور روشنیوں سے سجایا گیا تاکہ پاک چین دوستی کے اس تاریخی موقع کو بھرپور انداز میں منایا جا سکے۔
چکوال میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب

