اٹک :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان نے فتنہ الخوارج کے ممکنہ حملوں کی اطلاعات کے پیش نظر جنڈ کے سرحدی علاقوں اور پولیس چوکیوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی پی او اٹک فوری طور پر جنڈ پہنچ گئے جہاں سرحدی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا۔
اجلاس میں سرحدی چوکیوں کی مجموعی سیکیورٹی، ممکنہ خطرات اور جاری حفاظتی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، چیکنگ پوائنٹس کو مضبوط کرنے اور فوری رسپانس میکانزم کو تیز اور فعال بنانے سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے متعلقہ افسران کو سیکیورٹی اقدامات پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کے واضح احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی، ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی، ایس ڈی پی او جنڈ، ایس ایچ او جنڈ، چیف سیکیورٹی آفیسر اٹک سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
بعد ازاں ڈی پی او اٹک نے پولیس چیک پوسٹ خوشحال گڑھ اور ملحقہ سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں نافذ سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے کہا کہ اٹک پولیس ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اٹک: فتنہ الخوارج کے ممکنہ خطرات، ہائی الرٹ، ڈی پی او اٹک کا جنڈ میں ہنگامی سیکیورٹی اجلاس

