اسلام آباد :(عامر علی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ اہم دورے پر صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اس طویل قیام کے باعث لاہور کے سیاسی منظر نامے میں سرگرمیاں تیز ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اپنے اس پانچ روزہ دورے کے دوران لاہور کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں واقع ‘بلاول ہاؤس’ میں قیام کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کی آمد کے فوراً بعد بلاول ہاؤس اور اس کے قریبی راستوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
اگرچہ پارٹی کی جانب سے ابھی تک دورے کا کوئی باقاعدہ تفصیلی شیڈول جاری نہیں کیا گیا، تاہم پیپلز پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے 5 روزہ قیام کے دوران بلاول بھٹو زرداری صوبہ پنجاب میں پارٹی کو نچلی سطح پر فعال کرنے کے لیے وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کے پیشِ نظر پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ بیٹھکیں ہوں گی، جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
قوی امکان ہے کہ اس قیام کے دوران دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما اور پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات بھی بلاول ہاؤس میں ان سے ملاقاتیں کریں گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری کا لاہور کا یہ 5 روزہ دورہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی جڑیں دوبارہ مضبوط کرنے اور آئندہ کی حکمتِ عملی کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 5 روزہ دورے پر پہنچ گئے، بلاول ہاؤس میں ڈیرے ڈال لیے

