نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شہید بینظیر آباد کے صدر سالم زرداری نے ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ اسٹیشن شہید بینظیر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے آپریشنل ڈھانچے، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی و ہنگامی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایمرجنسی آفیسر ذیشان مہدی زرداری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 روڈ ٹریفک حادثات، آتشزدگی، میڈیکل ایمرجنسی، ڈوبنے کے واقعات اور دیگر قدرتی و ناگہانی آفات کے دوران بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیاں انجام دے رہا ہے، جس کے باعث متعدد قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا گیا ہے۔اس موقع پر معزز مہمان کو آئندہ مون سون سیزن کے تناظر میں ادارے کی پیشگی تیاریوں، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وضع کیے گئے لائحہ عمل اور دستیاب وسائل سے متعلق بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔

