حیدرآباد (رپورٹ :دلدار علی بلال)
حیدر آباد پولیس کی کارروائی کاشف باغی قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم آفاق اسلام آباد سے گرفتار
تفصیلات کے مطابق قاسم آباد پولیس نے کاشف قائمخانی المعروف “کاشف باغی” قتل کیس میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی ملزم آفاق کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کو دو روزہ راہداری ریمانڈ پر حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 13 مارچ 2026 کو قاسم آباد کے علاقے سندس کاٹیج پلازم میں شہید بہٹو کے عہدیدار کاشف قائمخانی المعروف “کاشف باغی” کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا۔
مقتول کے بھائی محمد آصف قائمخانی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 134/2026 درج کیا گیا، جس میں ملزمان ولید فاروقی، آفاق اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق جدید تکنیکی بنیادوں اور خفیہ معلومات کی مدد سے انسپکٹر بچل دل نے 12 مئی 2026 کو اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم آفاق کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم آفاق کے اکسانے پر ولید فاروقی نے کاشف باغی کو قتل کیا۔
پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ سیکٹر 30 ویسٹ اسلام آباد سے دو روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد ملزم کو حیدرآباد منتقل کردیا ہے، جبکہ کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

