راولپنڈی :سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، جہاں چیف وائلڈلائف رینجر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔ پنجاب کی اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع راولپنڈی رضوانہ عزیز نے غیر قانونی شکار اور پرندوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔
ضلع اٹک میں غیر قانونی شکار اور پرندوں کی اسمگلنگ کے خلاف محکمہ جنگلی حیات نے ایک بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ فیلڈ ایکٹیویٹی کے دوران مختلف تحصیلوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے نایاب پرندوں کو برآمد کر لیا گیا، جبکہ ملوث افراد کو لاکھوں روپے جرمانہ کیا گیا۔
تحصیل اٹک میں کارروائی کے دوران بٹیروں (Quails) کے ایک بڑے ڈیلر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔31 نایاب بٹیر برآمد کر کے دوبارہ ان کے قدرتی ماحول (جنگل) میں آزاد کر دیا گیا۔ڈیلر پر 35,000 روپے ہرجانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح تحصیل جنڈ میں محکمہ نے جدید ٹیکنالوجی اور مانیٹرنگ کے ذریعے بڑی کامیابیاں حاصل کیں:
فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر تیتروں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف 2 چالان کیے گئے۔ ان سے 1,60,000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جبکہ برآمد ہونے والے ‘گرے تیتر’ (Grey Partridges) کو لوئی بھیر چڑیا گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



