لاہور: آئی جی پنجاب عبدالکریم کی جانب سے شہریوں سے براہ راست رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بذریعہ فون شہریوں سے گفتگو کی اور موصولہ درخواستوں اور شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے شہریوں سے پولیس کارروائی، تفتیش کے معیار اور پولیس کے رویوں سے متعلق بھی دریافت کیا۔ چکوال کے ایک شہری کی اندراج مقدمہ میں تاخیر کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی پی او چکوال کو درخواست دہندہ سے فوری رابطہ کر کے کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
فیصل آباد کے ایک شہری کی ایف آئی آر کے عدم اندراج کی شکایت پر سی پی او فیصل آباد کو فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اسی طرح خانیوال کے شہری کی ناقص تفتیش سے متعلق شکایت پر ڈی پی او خانیوال کو درخواست گزار سے فوری رابطہ کر کے ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز روزانہ کی بنیاد پر شہریوں سے رابطہ کریں اور درخواستوں پر کیے گئے ایکشن سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر، ناقص تفتیش اور بدسلوکی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سی ایم کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ایم پورٹل اور 1787 سمیت تمام ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس ملازمین کی جانب سے کسی بھی بے ضابطگی یا بدسلوکی کی صورت میں 1787 پر شکایت درج کروائیں، فوری ایکشن لیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی پنجاب کا شہریوں سے براہ راست رابطہ، پولیس سروسز پر فیڈ بیک لینے کا سلسلہ جاری

