لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔ اس سروس کے تحت میت کو سرکاری ہسپتال سے گھر تک مفت منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل کی سطح پر سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لیے جامع پلان طلب کیا جائے۔ منصوبے کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں ہسپتال سے گھر تک میت کی منتقلی کے لیے کم از کم ایک وین دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کر کے یا ہسپتال کے کاؤنٹر سے رابطہ کر کے مفت وین سروس حاصل کر سکیں گے۔ میت منتقلی سروس کی مانیٹرنگ سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میت کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کو سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولیٹ کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے کرایوں کے تعین کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

