لاہور: (ملک ظہیر)انویسٹی گیشن پولیس نے لاہور میں ایک منظم مالیاتی فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں واقع ہال روڈ مارکیٹ سے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کافی عرصے سے سولر انورٹر فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر مختلف تاجروں سے بھاری رقوم وصول کرتے اور رقم ہاتھ آتے ہی روپوش ہو جاتے تھے۔ متاثرہ تاجروں کی مسلسل شکایات پر ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن خالد سعید نے ڈی ایس پی انویسٹی گیشن حسنین حیدر شاہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ خصوصی ٹیم نے خفیہ معلومات اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر ملزمان کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی شروع کی۔ پولیس کے مطابق گینگ کا سرغنہ انتہائی ہوشیار تھا اور ماسک پہن کر گھر آتا جاتا تھا تاکہ شناخت نہ ہو سکے۔ ڈی ایس پی کی ہدایت پر ایک تفتیشی افسر کو ملزم کے گھر کے باہر حلیہ بدل کر مسلسل نگرانی پر تعینات کیا گیا، جس نے ملزم کی نقل و حرکت کا راز فاش کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں اس کی نشاندہی پر دوسرے ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی سولر انورٹر اور 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زیادہ نقدی برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر تاجروں سے ہتھیائی گئی رقم تھی۔ ایس پی خالد سعید نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں فراڈ کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دیدی ہے یہ ملزمان کا نیٹ ورک دیگر شہروں میں وارداتیں کرتا تھا