لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل بالخصوص طلبہ کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے پنجاب انسدادِ منشیات فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منشیات کے تدارک کے لیے سوشل میڈیا اور تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی جائے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب انسدادِ منشیات فورس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال نے انہیں ادارے کی کارروائیوں، کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس اہم میٹنگ میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس مسعود مختار بھی موجود تھے۔
دورانِ اجلاس عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ طلبہ کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں سیمینارز اور خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دورِ حاضر میں سوشل میڈیا آگاہی کا مؤثر ترین ذریعہ ہے، لہٰذا اس پلیٹ فارم کو منشیات کے خلاف جنگ کے لیے بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو "ڈرگ فری” بنانا وزیراعلیٰ مریم نواز کا مشن ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا مریم نواز کا مشن ہے، تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم شروع کی جائے: عظمیٰ بخاری

