راولپنڈی: آرمی چیف چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل عاصم منیر اور انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شمس الدین کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شمس الدین نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ’ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘’دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ادارہ جاتی روابط، تربیتی تعاون اور دفاعی صنعتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’معزز مہمان نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی انڈونیشیا کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔‘
اس موقعے پر آرمی چیف نے مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور سٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط اور پائیدار دفاعی تعلقات کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

