لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کوئی "فالس فلیگ” آپریشن نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی بغاوت تھی جس کے تمام ثبوت فرانزک رپورٹ کی صورت میں سامنے آچکے ہیں۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی (جسے انہوں نے ‘فساد گروپ’ قرار دیا) کی کارکردگی اور نو مئی کے ہنگاموں میں ان کے رہنماؤں کے ملوث ہونے کے حوالے سے اہم حقائق بیان کیے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنی گفتگو کا آغاز ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال سے کیا۔ انہوں نے کہا:
پوری دنیا اب پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی ریٹنگز کا اعتراف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ریکارڈ پیسے بھیجے ہیں جو موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ملک میں جب بھی انفراسٹرکچر یا معیشت بہتر ہوئی، اس کے پیچھے مسلم لیگ (ن) کی ہی کوششیں نظر آتی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے نو مئی کے ہنگاموں، خاص طور پر ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کی فرانزک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ16 ویڈیوز کا سائنسی تجزیہ کیا گیا ہے جن میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں پائی گئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سہیل آفریدی اور تیمور جھگڑا نو مئی کے واقعات میں براہِ راست ملوث پائے گئے ہیں۔ ان کے چہرے اور آوازیں فرانزک کے ذریعے میچ کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے مراد سعید کی اس آڈیو کا بھی ذکر کیا جس میں مبینہ طور پر حملوں کے لیے جگہوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا کی حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ 13 سال اقتدار میں رہنے کے باوجود وہاں کوئی فرانزک لیبارٹری تک نہیں بنائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے کے بچے دوسرے صوبوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ وہاں روزگار کے مواقع فراہم نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے کراچی سیر کرنے گئے ہوئے ہیں، انہیں مزارِ قائد پر جا کر جناح ہاؤس کو آگ لگانے پر معافی مانگنی چاہیے تھی۔
عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی سابقہ دورِ حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پوری کارکردگی نکالی جائے تو صرف بھنگ کی کاشت، انڈے، کٹے اور پناہ گاہیں ہی ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ‘فساد گروپ’ کا کام صرف دہشت گردی اور فساد پھیلانا ہے، یہ لوگ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو سری لنکا بنانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے جسے ‘انقلاب’ کا نام دیا وہ دراصل ایک ناکام بغاوت تھی جس کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔ ریاست شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور تمام ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
فرانزک رپورٹ سے نو مئی کے فسادیوں کے چہرے بے نقاب: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس

