جینیوا: دنیا کی سب سے بڑی فوڈ کمپنی ’نیسلے‘ نے اپنی مقبول چائلڈ فارمولا پروڈکٹس کے منتخب بیچو کو واپس منگوانے (ری کال) کا اعلان کیا ہے۔
یہ قدم ایک ممکنہ زہریلا مادہ ’سیریولائڈ‘ کی موجودگی کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے، جو بیکٹریا کے کچھ اسٹرین کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ری کال خاص طور سے برطانیہ، آئرلینڈ، فرانس، جرمنی، آسٹریا، اٹلی، ڈنمارک، سویڈن، فِن لینڈ، ناروے اور سویٹزرلینڈ جیسے ممالک میں نافذ ہیں۔ متاثرہ برانڈز میں ایس ایم اے (برطانیہ)، بی ای بی اے (جرمنی)، این اے این اور دیگر شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس ری کال کی اصل وجہ ان مصنوعات میں ’سیریولائڈ‘ نامی زہریلا مادہ کے موجود ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ زہر بچوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔ اس کے استعمال سے متلی، الٹی اور پیٹ میں شدید درد جیسی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔ فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی (ایف ایس اے) نے اپنے انتباہ میں واضح کیا ہے کہ ’سیریولائڈ‘ کی سب سے خطرناک بات اس کی ’ تھرمل اسٹیبلٹی‘ ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ ’سیریولائڈ‘ کے اندر تپش برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بچے کا دودھ تیار کرتے وقت استعمال کیے جانے والے ابلتے پانی یا پکانے کے عمل سے بھی اس کا اثر زائل نہیں ہوتا ہے۔ اگر کوئی بچہ اس کا استعمال کرتا ہے تو بیماری کی علامت بہت تیزی سے ظاہر ہونے لگتی ہے۔
دوسری جانب نیسلے نے صارفین کو بھیجے گئے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ یہ ایک ’رضاکارانہ ری کال‘ ہے، جو کمپنی کے سخت معیار اور سیکورٹی پروٹوکول کے تحت کیا گیا ہے۔ کمپنی نے زور دے کر کہا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ بہت زیادہ احتیاط برتتے ہوئے لیا ہے، تاکہ بچوں کی حفاظت کے متعلق کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ نیسلے کے مطابق راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک ان مصنوعات کے استعمال سے کسی بھی بچے کے بیمار ہونے کی کوئی تصدیق شدہ رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ نیسلے نے ان مصنوعات کی لسٹ جاری کر دی ہے جس میں ’سیریولائڈ‘ نامی زہریلا مادہ ہونے کا شبہ ہے۔ ان میں ایس ایم اے ایڈوانسڈ فرسٹ انفینٹ ملک 800 گرام، ایس ایم اے ایڈوانسڈ فالو آن ملک 800 گرام، ایس ایم اے فرسٹ انفینٹ ملک 800 گرام، ایس ایم اے فرسٹ انفینٹ ملک 400 گرام، ایس ایم اے فرسٹ انفینٹ ملک 1.2 کلو گرام، ایس ایم اے لٹل اسٹیپس فرسٹ انفینٹ ملک 800 گرام، ایس ایم اے کمفرٹ 800 گرام، ایس ایم اے فرسٹ انفینٹ ملک 200 ملی لیٹر، ایس ایم اے فرسٹ انفینٹ ملک 70 ملی لیٹر، ایس ایم اے لییکٹوز فری، ایس ایم اے اینٹی ریفلکس 800 گرام، الفامینو 400 گرام، ایس ایم اے گولڈ پریم 2 800 گرام شامل ہیں۔

