اسلام آباد :بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو
اسپیس کے شعبے میں تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی
اس دورے کے موقع پر بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان فضائیہ کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بنگلہ دیش فضائیہ کی معاونت کے لیے جامع تربیتی فریم ورک کی پیشکش کی، جس میں بنیادی سے لے کر جدید پرواز اور خصوصی کورسز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستانی ایئر چیف نے بنگلہ دیش کو سپر مشاق ٹرینر طیاروں کی تیز رفتار فراہمی کے علاوہ مکمل تربیتی اور طویل المدتی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بیان کے مطابق بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کے جنگی ریکارڈ کی تعریف کی اور اس کی آپریشنل مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش فضائیہ کے پرانے طیاروں کے لیے دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت، فضائی نگرانی بہتر بنانے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان فضائیہ کے مختلف اہم مراکز کا بھی دورہ کیا، جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر، پی اے ایف سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک شامل ہیں، جہاں انہیں انٹیلی جنس، سائبر، خلائی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور طویل المدتی سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اظہار ہے۔
بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ کی اسلام آباد آمد، پاکستان فضائیہ کے ساتھ دفاعی تعاون پر بات چیت

