لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بڑا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت سڑکیں، مکانات، ہاسٹلز، واٹر انفراسٹرکچر اور سیوریج سسٹم کی تعمیر و مرمت نجی شعبے کی شراکت داری سے کی جائے گی تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نے 18 اہم صوبائی سڑکوں کے ساتھ ساتھ زرعی، صنعتی اور شہری اہمیت کی 24 راہداریوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی منظوری دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 150 کلومیٹر طویل دیپالپور، پاکپتن، وہاڑی روڈ کو نجی شعبے کی مدد سے دو رویہ بنایا جائے گا۔ اسی طرح 100 کلومیٹر چراغ آباد، جھنگ، شورکوٹ روڈ کی دو رویہ کاری کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ مظفرگڑھ، علی پور، ٹی ایم پناہ روڈ، ساہیوال سمندری روڈ اور بہاولپور جھنگڑا شرقی روڈ پر اضافی کیرج وے نجی شعبے کی شراکت سے بنائی جائیں گی۔ سیالکوٹ، پسرور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور ڈسکہ کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن بھی منصوبے میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں پرانے واٹر انفراسٹرکچر کی بحالی، صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم میں بہتری کا ہدف مقرر کیا۔ چکوال اور قصور میں نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیے جائیں گے، جبکہ ان منصوبوں کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔
اجلاس میں سرکاری یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجوں میں طلبہ کے لیے آن کیمپس رہائشی سہولیات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ نجی شعبے کے تعاون سے ممکن اور قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کریں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں انفراسٹرکچرکی بہتری کیلئے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ میں میگا منصوبے کااعلان کردیا

