راولپنڈی :پاکستان فضائیہ نے ملکی طور پر تیار کردہ تیمور ہتھیار کے نظام کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دے کر قومی دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ایئر لانچڈ کروز میزائل دشمن کے زمینی اور بحری اہداف پر اعلیٰ درستگی کے ساتھ 600 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں روایتی وار ہیڈ نصب ہے۔
تیمور جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے یہ دشمن کے ایئر اور میزائل دفاعی نظاموں سے مؤثر طور پر بچ سکتا ہے۔
اس کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت پاکستان فضائیہ کی روایتی حفاظتی صلاحیتوں اور عملی لچک میں اضافہ کرتی ہے اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
PAKISTAN AIR FORCE CONDUCTS SUCCESSFUL FLIGHT TEST OF TAIMOOR WEAPON SYSTEM
03 January, 2026: Pakistan Air Force has successfully conducted the flight test of the indigenously developed Taimoor Weapon System, marking another significant milestone in the advancement of national… pic.twitter.com/pRSQkXgOXb
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) January 3, 2026
کامیاب ٹیسٹ سے پاکستان کی دفاعی صنعت میں حاصل شدہ تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی عکاسی ہوتی ہے۔
فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر سینئر افسران، سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس جدید ہتھیار کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدهو، NI (M), HJ نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔
انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
چیف آف ایئر اسٹاف نے واضح کیا کہ ایسی کامیابیاں ملک کی تکنیکی خود کفالت اور معتبر روایتی دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کے عزم کا مظہر ہیں۔
چیف آف ایئر اسٹاف نے واضح کیا کہ ایسی کامیابیاں ملک کی تکنیکی خود کفالت اور معتبر روایتی دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کے عزم کا مظہر ہیں۔
صدر اور وزیراعظم کا تیمور کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ملکی دفاع کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی کو تقویت دینے والا اقدام قرار دیا۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کو بھی کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور میزائل سسٹم پر کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم قابلِ تعریف ہے۔ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہو گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی نشاندہی کرتا ہے اور یہ آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

