اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ریاست مخالف اور گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث بھگوڑے عادل فاروق راجہ پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عادل فاروق راجہ کا نام فورتھ شیڈول اور کالعدم اشخاص کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ یہ پابندی انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق 11EE کے تحت عائد کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق عادل فاروق راجہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، اسی بنیاد پر اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
وزارت داخلہ کے مطابق عادل فاروق راجہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے کالعدم دہشتگرد تنظیموں سے وابستہ ریاست مخالف بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی معاونت اور ترویج کی۔ عادل فاروق راجہ ایسی سرگرمیوں میں مسلسل ملوث ہے جو پاکستان کی قومی سلامتی، سالمیت اور عوامی نظم و نسق کے لیے شدید خطرات کا باعث ہیں، جبکہ اس کا طرزِ عمل پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کے منافی اور تعصب پر مبنی ہے۔

