لاہور: نئے سال کی آمد کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے صوبہ بھر، بالخصوص لاہور میں جامع سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران صوبے بھر میں ہائی الرٹ رکھا جائے اور تمام فیلڈ فارمیشنز مکمل چوکسی کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے، جن میں لاہور میں 5 ہزار سے زائد اہلکار شامل ہیں۔ تعینات نفری میں 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16977 کانسٹیبلز شامل ہوں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں تمام سرگرمیوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ریاست مخالف عناصر، مشکوک افراد اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر مکمل پابندی ہوگی۔ خواتین یا شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا جائے گا۔

