لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ’سکھ آف امریکا‘ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی بانی چیئرمین چند ہوک نے کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور سکھ وفد کے درمیان پنجابی زبان میں گفتگو ہوئی۔
امریکی سکھ وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہا اور اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
وفد نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ صوبے میں کرسمس کی تقریبات کے پرامن انعقاد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ امریکی سکھ وفد نے پنجابی زبان کے احیا اور پنجابی سائن بورڈز لگانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ امریکا سے آنے والے سکھ بھائیوں سے ملاقات خوشی کا باعث ہے اور ان کا خیرمقدم اعزاز سمجھتی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب اور پاکستان کے لیے محبت اور احترام کے اظہار پر دنیا بھر کی سکھ برادری کی شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھ برادری کا پنجاب میں موجود مقدس مقامات سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے، جبکہ بقائے باہمی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سکھ برادری نے ہمیشہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سکھ برادری سے اظہارِ تشکر کے لیے بیساکھی کے موقع پر گوردوارہ کرتارپور کا دورہ کیا، اور گوردوارہ کرتارپور دنیا کے لیے پاکستان کا امن کا ناقابلِ تردید پیغام ہے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سکھ ورثے کے تحفظ کو فرض سمجھ کر ادا کیا جا رہا ہے اور 56 تاریخی گوردواروں کی تعمیر، مرمت اور بحالی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ پنجاب بھر میں گوردواروں کی مرمت اور دیکھ بھال کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح اور معاشی بحالی کے لیے 75 ہزار اقلیتی کارڈز کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر نامکمل رہے گا۔ سکھ یاتریوں کے لیے سکیورٹی، نقل و حرکت اور دیگر سہولیات کو مثالی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بابا گرو نانک دیو جی کے 556 ویں یومِ پیدائش کی تقریبات کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں یاتریوں کی آمد پنجاب کے لیے اعزاز ہے، اور سکھ یاتریوں کی آمد مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ ورثے کی عکاس ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ پنجاب میں آنے والے ہر سکھ کی حفاظت، سہولت اور آسانی حکومت کی ذمہ داری اور خدمت اعزاز ہے، اور خواہش ہے کہ پاکستان آنے والا ہر سکھ یاتری پنجاب سے خوشگوار یادیں لے کر جائے۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا واحد ملک ہے، جس کا مقصد سکھ برادری کی مذہبی شناخت اور عقیدے کی روایات کا احترام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے تاریخی اور قابلِ قدر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سکھ برادری کی مذہبی سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کو امن، آشتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں، اور قائد محمد نواز شریف کی طرح سکھ برادری کا احترام اور معاونت ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ہر فرد دنیا بھر کی سکھ برادری کو دل کے قریب رکھتا ہے اور پنجاب کی سرزمین سے احترام اور پیار کے چشمے پھوٹتے ہیں۔
مریم نواز سے ’سکھ آف امریکا‘ کے وفد کی ملاقات، یاتریوں کی خدمت اعزاز ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

