اسلام آباد :وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دیدی ہے۔
منگل کووفاقی وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کوآگے بڑھانے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے اورحکومت اس سفرمیں تیزی لارہی ہے،مالیاتی وڈیجیٹل شمولیت میں موبائل سپیکٹرم کابہت بڑاکردارہے،جن سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہوئی ایک لحاظ سے یہ ہمارے لیے مالی نقصان ہی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے آج( منگل کو )ہونے والے اجلاس میں موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دیدی گئی۔انہوں نے کہاکہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے نام سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، نیرا نے پی ٹی اے اوردیگرمتعلقہ اداروں کی نگرانی میں تفصیلی طورپرشراکت داروں کے ساتھ رابطہ کاری کی اور ماضی میں موبائل سپیکٹرم کی ملکی، علاقائی اوربین الاقوامی طورپرہونے والی نیلاموں کاتفصیلی جائزہ لیا اورتمام بین الاقوامی معیارات کوملحوظ خاطررکھا،اسی کی بنیاد پرہمیں موبائل سپیکٹرم کی قیمت،ادائیگی کی شرائط اورنیلامی کے ڈیزاین کے حوالہ سے سفارشات دی گئیں،ہم نے ان سفارشات پر غور و خوص کیا اورسب سے پہلے پاکستان کے نکتہ نظرسے اس کوآگے لیکرگئے ہیں،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آج ان سفارشات کی منظوری دیدی ہے۔

