اسلام آباد :وزیر اعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کی فاتح ٹیم نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم اور مینیجمنٹ کو مبارکباد دی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ یہ پراسیس 17 جون 2025 سے شروع کیا جس میں 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل ہوئے، ٹرائل کے بعد 70 میں سے 30 کھلاڑیوں کا کیمپس لگایا گیا، ایشیا کپ میں جانے سے پہلے مقصد تھا کہ کپ اور شائقین کے دل جیتیں گے۔
مایہ ناز کرکٹر سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیر اعظم نے تمام نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے، تمام نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف نے بہت محنت کی تھی۔ سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، امید ہے مستقبل میں یہ ٹیم مزید ٹرافیاں جیتے گی۔
وزیر اعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی، سمیر احمد نے بہت بہترین اننگ کھیلی، عثمان خان نے بھی سمیر احمد کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔ کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ ہمیں پوری سپورٹ کر رہی ہے، ایشیا کپ جیتنے میں تمام کھلاڑیوں کا اہم کردار ہے، مینجمنٹ نے ہمیں کہا آپ اپنی کرکٹ کھیلیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سرفراز احمد نے کہا ہار بھی گئے تو جیت آپ کی اورہار ہماری ہے۔
وزیر اعظم سے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات، ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

