کیچ:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اے این ایف نے کامیاب کارروائی میں پنجگور سے تربت منتقل کی جانے والی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔
ذرائع کے مطابق اے این ایف نے خفیہ اطلاعات پر ضلع کیچ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب کارروائی کی، جہاں ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران پلاسٹک کے کینز میں چھپائی گئی منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 99 کلوگرام آئس، 50 کلوگرام افیون اور 73 کلوگرام چرس شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 26 لاکھ روپے ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن اے این ایف منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات سمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے اور اسے بے نقاب کرنے کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔ مسلسل نگرانی، بروقت خفیہ معلومات کے حصول اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے اے این ایف منشیات کی ترسیل کی کوششوں کو ناکام بنا رہی ہے۔
یہ کامیاب کارروائی منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کے فرنٹ لائن کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

