ممبئی :مشہور بالی وڈ اداکارہ و ڈانسر نورا فتحی ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پو واقعہ امبولی کے مضافاتی علاقے میں دوپہر کے وقت تقریباً دو بجے پیش آیا، اس وقت اداکارہ اپنی گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ سنبرن میوزک فیسٹیول میں جا رہی تھیں، جہاں انہوں نے پرفارم کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اچانک ایک تیز رفتار گاڑی ایک طرف سے آئی اور ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا اور نورا فتحی کو چوٹیں آئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکرانے والی گاڑی کا ڈرائیور فرار ہو گیا تھا جس کو بعدازاں گرفتار کیا گیا۔ اس کا نام وینے سکپل ہے اور گاڑی چلاتے وقت وہ نشے میں تھا۔
انڈین ٹریبیون نے ایک سورس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے بعد اداکارہ نورا فتحی کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا چیک اپ کیا گیا اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ان کو بہت معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
سورس کے مطابق چیک اپ کے بعد وہ میوزک فیسٹیول میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئیں۔

