ملتان:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمعرات کو لودھراں میں ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے طلبہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا، جہاں ہزاروں طلبہ کی موجودگی میں مثالی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کیے، نعت خوانی، ملی نغموں اور تقاریر میں حصہ لینے والے طالب علموں کو شاباش دی اور انہیں پاکستان کا روشن مستقبل قرار دیا۔
لودھراں میں منعقدہ تقریب کو ضلع کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی اجتماع قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 7 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر طلبہ نے خیر مقدمی نعروں سے ماحول گرما دیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر اس کا جواب دیا اور طلبہ کے درمیان بیٹھ کر تقریب کا حصہ بنیں۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھا، جبکہ نعت رسولِ مقبولؐ پیش کرنے والی طالبہ کو گلے لگا کر شفقت کا اظہار کیا۔
انشاءاللہ! انٹر سٹی اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے سپورٹس گراؤنڈز آباد کئے جائیں گے۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا لودھراں میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب۔۔۔ pic.twitter.com/xlDgmB7CC6— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) December 18, 2025
سرائیکی زبان میں جذباتی گفتگو کرنے والی طالبہ عروج فاطمہ اور صادق وویمن یونیورسٹی کی طالبہ قمر فاطمہ کی تقریروں نے بھی ماحول میں جذبہ پیدا کر دیا، جہاں وزیراعلیٰ ان کے پاس جا کر حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔
تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے طلبہ کے اعزاز میں سلامی پیش کی۔ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے ملی نغمہ “چڑھتا سورج ہے اپنا پاکستان” پیش کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے داد دی۔ کرسچن طالبہ مریم جاوید نے انگریزی میں اپنے تعلیمی سفر کی روداد سنائی، جسے وزیراعلیٰ نے محبت بھرے انداز میں سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طالبات کے ساتھ خود سیلفیاں بھی بنوائیں اور اپنی روایت کے مطابق طالبات کے درمیان بیٹھ کر ان کی باتیں سنیں، جبکہ لیپ ٹاپ طلبہ و طالبات کو اپنے ہاتھوں سے تقسیم کیے۔ انہوں نے طلبہ کو ’سپر ہیرو‘ اور ’سپر گیسٹ‘ کہہ کر پکارا، جس پر پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔
وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ پروگرام میں 70 فیصد حصّہ طالبات کا ہے۔ ان کے مطابق یونیورسٹیوں کے لیے صوبائی بجٹ میں 500 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
تقریب کے موضوع میں ’ہر خواب ہے ممکن، پڑھو یقین سے‘ کو مرکزی حیثیت حاصل رہی، جس کا مقصد نوجوانوں میں خود اعتمادی اور جذبہ پیدا کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ کی آمد کو طلبہ نے تاریخی موقع قرار دیا۔

