لندن،سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ویزا کے لیے درخواست دے دی ہے اور وہ جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے والد کو جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹے اسکائی نیوز کی صحافی یلدا حکیم کو ایک انٹرویو دے رہے تھے،ایک سوال کے جواب میں قاسم نے کہا، اب ہم نے پاکستان جانے کا منصوبہ بنا لیا ہے کیونکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نےیہ بات کھلے عام کہی ہے۔ لہٰذا اگر وہ اپنے الفاظ سے پیچھے نہ ہٹے تو ہمیں امید ہے کہ ہم جنوری میں جا سکیں گے، ہم نے ویزا کے لیے درخواست دے دی ہے۔ابھی ویزا نہیں آیا، مگر ہمیں امید ہے کہ آ جائے گا، اسی لیے ہم جنوری کے سفر کی تیاری کر رہے ہیں۔
بعد ازاں یلدا نے ان سے پوچھا کہ وہ عمران خان سے مل کر کیا کہیں گے اور کیا وہ ان سے ’کوئی ڈیل کرنے‘ پر غور کرنے کا کہیں گے۔
اس پر قاسم نے وضاحت کی کہ ’آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ ان کی زندگی ہے، یہ ان کا جنون اور مقصد ہے، وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ان کی زندگی کا مقصد ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’اگر وہ کوئی ڈیل کر کے ہمارے پاس آ جائیں اور انگلینڈ میں رہنے لگیں تو مجھے معلوم ہے کہ ان کے دل میں یہ احساس رہے گا کہ انہوں نے اپنے ملک کو اس کے حال پر چھوڑ دیا اور سچ کہوں تو وہ افسردہ ہو جائیں گے۔‘
’یہی ان کا مقصد ہے، اور اگرچہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے والد یہاں ہمارے کرکٹ یا فٹبال میچ دیکھیں، مگر ان کا مقصد اس سے کہیں بڑا ہے، اس کا صرف احترام ہی کیا جا سکتا ہے۔‘

