اسلام آباد(بےنقاب رپورٹ ): جنرل (ر) فیض حمید کی اڈیالہ جیل منتقلی کے لئے انتظامات مکمل، عمران خان کے ممکنہ طور پر دوسری جیل منتقل کیے جانے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھنے کا خدشہ ہے ۔
ذرائع کے مطابق جنرل (ر) فیض حمید کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، اور جیل انتظامیہ نے اس سلسلے میں خصوصی سیکورٹی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ اڈیالہ میں مخصوص بلاک خالی کرا کے اسے ہائی پروفائل قیدی کے لیے محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منتقلی سے قبل امکان ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی دوسری جیل منتقل کر دیا جائے۔ حکومتی اور سیکورٹی حلقوں میں یہ رائے سامنے آ رہی ہے کہ دونوں شخصیات کو ایک ہی جیل میں رکھنا غیر ضروری ہلچل، سیاسی قیاس آرائیاں اور اندرونی کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے، جس سے بچنے کے لیے منتقلی کی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عمران خان کو اچانک کسی اور قیدگاہ منتقل کیا گیا تو ملک بھر میں ان کے حامیوں کی طرف سے شدید ردِعمل، احتجاج اور سوشل میڈیا مہم کے دوبارہ بھڑک اٹھنے کا امکان موجود ہے۔ پارٹی کے اندر بھی یہ فیصلہ نئی سیاسی بحث کو جنم دے سکتا ہے، جبکہ امن و امان کے اداروں نے احتیاطی اقدامات کا ابتدائی پلان تیار کر لیا ہے۔ ادھر سرکاری ذرائع اس حوالے سے ابھی تک خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

