پشاور: خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنۂ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے ترجمان (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 دسمبر کو ٹانک ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج ہلاک کر دیے گئے۔اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی لکی مروت میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے بھارتی سرپرست خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست خوارج کا خاتمہ کیا جاسکے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمت عملی ‘عزمِ استحکام’ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

