اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع آج مزید مضبوط ہو گیا ہے۔ پاکستان نے سٹرکچرل تبدیلیوں کے ذریعے اپنے دشمن کو خوفزدہ کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمام فورسز کے لیے ایک متحدہ کمانڈ قائم کی گئی ہے اور مشرقی و مغربی دونوں سرحدیں محفوظ کر دی گئی ہیں، جس کے بعد دشمن میں دوبارہ حملے کی جرات نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں جنگ میں فتح حاصل ہوئی ۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو اڈیالہ جیل کے باہر لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب نہیں کرنے دیں گے، جیل رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور نوٹیفیکیشن کے معاملے پر جھوٹا بیانیہ پھیلایا گیا، جھوٹا بیانیہ بنانے والوں کو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے سینئر صحافیوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور جنہوں نے بے بنیاد طوفان برپا کیا، سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کو بھی قوم کے سامنے شرمندہ ہونا چاہیئے۔

