اسلام آباد :برطانیہ میں مقیم سابق وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی مرزا شہزاد اکبر کو جمعہ کے روز ایک مقدمے میں اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا ہے، یہ مقدمہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مبینہ طور پر متنازع بیانات سے متعلق ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے رواں سال جولائی میں اکبر کے خلاف ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے مبینہ طور پر ہتک آمیز اور متنازع ریمارکس پر مقدمہ درج کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی جانب سے جاری کردہ عدالت کے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ شہزاد اکبر متعدد سمن جاری کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
حکم نامے میں متعلقہ حکام کو اکبر کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جا سکے، حکم کے مطابق ملزم نے تفتیش میں تعاون نہیں کیا اور قانونی کارروائی کے دوران غیر حاضر رہے۔کیس کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروایا جا چکا ہے۔

