راولپنڈی: یکم دسمبر کو شمالی وزیرستان میں دو مختلف انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائیوں کے دوران سات دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی میر علی کے عمومی علاقے میں اس وقت کی گئی جب وہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ۔
دوسری کارروائی اسپن وام کے علاقے میں کی گئی جہاں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سرگرم ایک گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بیان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے
اپنے ایک بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سات دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں ۔سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے۔

