سوات:فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیرِ اہتمام سوات کے تاریخی علاقے کانجو میں شاندار یوتھ کنونشن منعقد ہوا جس کا مقصد نوجوانوں میں باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ تھے۔ ملک بھر سے آئے نوجوانوں نے کنونشن میں بھرپور شرکت کی اور مختلف سرگرمیوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ آئی جی ایف سی نے کنونشن میں قائم مختلف اسٹالز اور سرگرمیوں کا معائنہ کیا، نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کی بھرپور تعریف کی۔
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان تعلیم، ہنر اور مثبت سوچ کے ذریعے خود کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کریں۔ کنونشن کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں قومی شعور اجاگر کرنا اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا تھا، جبکہ اس موقع نے نوجوانوں کو فکری، سماجی اور تخلیقی استعداد بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔
شرکاء نے اس پروقار تقریب اور کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کاوش علاقے میں امن، تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے نوجوانوں میں قومی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنے پر پاک فوج کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

