اسلام آباد:وفاقی وزیرِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور تقریباً دو گھنٹے تک امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات بھی کی اور ان سے مسائل دریافت کیے۔
وزیرِ داخلہ نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی امیگریشن پر کم عملہ ہونے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس نوعیت کی کوئی شکایت نہیں ملے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضروری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہ روکا جائے، تاہم جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایسے مسافر ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور اس صورتحال کو کسی قیمت پر جاری رہنے نہیں دیا جائے گا۔
وزیرِ داخلہ نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایجنٹ پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرونِ ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

