اسلام آباد: پاکستان نے واشنگٹن ڈی سی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں مبینہ طور پر ایک افغان شہری ملوث تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی سرزمین پر ہونے والا یہ ٹارگٹڈ حملہ بلاشبہ ایک دہشت گرد کارروائی اور گھناؤنا اقدام ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اسی نوعیت کی دہشت گردی کا سامنا کرتا رہا ہے، جس کے روابط افغانستان سے جڑے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی ایک نئی لہر ہے اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
پاکستان نے ہلاک ہونے والے امریکی سپاہی کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکہ اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

