اسلام آباد،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور کلاؤڈ فلیئر کو متاثر کرنے والی بڑی عالمی خرابی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی نے بتایا کہ وہ عالمی سروس فراہم کنندگان اور مقامی آپریٹروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سروسز کے مکمل طور پر بحالی تک صورتِ حال کی نگرانی جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی بڑی عالمی کمپنی کلاؤڈ فیئر کی سروسز میں خرابی کے باعث ایکس اور چیٹ جی پی ٹی سمیت کئی معروف ویب سائٹ متاثر ہوئی ہیں اور صارفین کے لیے اِن تک رسائی مشکل بن گئی ہے۔
انٹرنیٹ میں خرابی کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کا کہنا ہے کہ ہزاروں صارفین ایکس اور دیگر سروسز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
کلاؤڈ فیئر کا کہنا ہے کہ وہ مسئلے سے آگاہ ہے اور اس پر تحقیقات کی جا رہی ہے۔ اس کا مزید کہنا ہے کہ سروسز بحال کی جا رہی ہیں مگر صارفین اس دوران محدود رسائی کا سامنا کر سکتے ہیں۔
کلاؤڈ فیئر دنیا بھر میں انٹرنیٹ سکیورٹی فراہم کرنے والی بڑی کمپنی ہے۔ اس کی جانب سے یہ چانج بھی کی جاتی ہے کہ آیا ایک ویب سائٹ تک کوئی انسان رسائی حاصل کر رہا ہے یا بوٹس۔
کلاؤڈ فیئر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 20 فیصد ویب سائٹس کسی نہ کسی طرح اس کی سروسز استعمال کرتی ہیں۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنی ویب سائٹ اور کتنے صارفین اس خرابی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

