سیالکوٹ (بے نقاب نیوز رپورٹ)سیالکوٹ پولیس میں پہلی بار اس قدر سخت اور مؤثر احتساب کا عمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کار بننے والے 24 اہلکار نہ صرف بے نقاب کر دیے گئے بلکہ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے فوری اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے انہیں نوکری سے بھی برخاست کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں پولیس کی صفوں میں موجود ایسے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جن پر الزام تھا کہ وہ مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ روابط رکھتے تھے۔ ڈی پی او فیصل شہزاد کی براہِ راست نگرانی میں ہونے والی اردل روم کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 51 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی، جن میں سے 24 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا
ان میں 3 سب انسپکٹر، 4 اے ایس آئی، 1 ہیڈ کانسٹیبل اور 17 کانسٹیبل شامل ہیں 23 اہلکار جرائم پیشہ عناصر سے روابط ثابت ہونے پر فارغ کیے گئے جبکہ 1 اہلکار بغیر اطلاع اسپیشل ڈیوٹی سے غیرحاضری پر برطرف ہوا دیگر اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئیں، جن میں سروس ضبطی، تنخواہوں میں کٹوتی اور سنشور کی سزائیں شامل ہیں۔
ڈی پی او کا واضح مؤقف ہے کہ پولیس فورس میں کرپشن، نااہلی یا جرائم پیشہ افراد سے تعلق رکھنے والے عناصر کی کوئی جگہ نہیں۔ صرف ایماندار، محنتی اور فرض شناس اہلکار ہی فورس کا حصہ رہیں گے۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے مزید کہا کہ سیالکوٹ پولیس کا مقصد شہریوں کا اعتماد بحال کرنا، شفافیت لانا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ کو مضبوط بنانا ہے، اس لیے محکمہ میں سزا و جزا کا مضبوط اور غیرجانبدار نظام پوری سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ سیالکوٹ میں پولیس کا یہ بڑا کریک ڈاؤن نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کاروں کے خلاف ایک واضح پیغام ہے بلکہ فورس کے اندر ایمانداری اور جواب دہی کی نئی مثال بھی قائم کر رہا ہے۔ شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہا ہے، اور اسے سیالکوٹ پولیس کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔

