اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خظاب میں کہا ہے کہ ہم نے انڈیا کو عبرتناک شکست دی اور فیلڈ مارشل کی کارکردگی کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے۔ اب ہم فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں کیے وعدے پورے کر رہے ہیں اور میثاق جمہوریت کے نامکمل وعدوں کی تکمیل یقینی بنا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ، اور پی پی نے افتخار چوہدری کے از خود نوٹسز کو بھگتا، آج ہم ماضی کی غلطی کو درست کرنے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد اب کوئی ازخود نوٹس نہیں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری تجویزماننے پر ہم حکومت کے شکرگزار ہیں، 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے بھی مانیں گے یہ بڑی کامیابی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی عدالت میں تمام صوبوں کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم جو آئینی ترمیم لا رہے ہیں، ہمارے پاس اکثریت ہے، کسی کا باپ بھی 18 ویں ترمیم کو ختم نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کثرت رائے سے نہیں بلکہ اتفاق رائے سے ہوتی ہے، 26ویں آئینی ترمیم بھی اتفاق رائے سے منظور کرائی تھی اور 18 ویں ترمیم بھی تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے منظورکرائی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیے گئے۔
از خود نوٹس اب نہیں ہوگا،ترمیم کر کے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دے رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

