میرپور :اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کے تحت میرپور میں نیا فری لانسنگ ہب قائم کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف خواتین کے معاشی استحکام بلکہ ڈیجیٹل ترقی کی راہ میں ایک سنگِ میل ہے۔
ایس سی او اس سے قبل خواتین کیلئے پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مظفرآباد میں بھی قائم کر چکی ہے۔ ادارہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 سے زائد مقامات پر جدید آئی ٹی سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔
فری لانسنگ ہبز میں نوجوانوں کو تربیت، تکنیکی معاونت اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ مقامی اور عالمی مارکیٹ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ایس سی او کے اقدامات نے خواتین کو ایک محفوظ، مربوط اور بااختیار ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا ہے۔ اہلِ علاقہ نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید آئی ٹی مراکز کے قیام سے خطے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور میرپور سمیت آزاد کشمیر ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

