میکسیکو سٹی: میکسیکو کے صوبہ سونورا کے شہر ہرموسیلو میں ہفتہ کے روز والڈوس سپر مارکیٹ میں ایک زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا مہلک تھا کہ اس سے کم از کم 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔ متاثرین میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم حکام نے کسی حملے کو مسترد کردیا ہے۔ پولیس تمام زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ صدر کلاڈیا شین بام نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مقامی میڈیا نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اطلاع دی کہ، ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ہونے والے دھماکے میں چار بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ شہر کے مرکز میں واقع ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں دوپہر کے وقت ہوا۔ خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ تیزی سے عمارت اور قریبی گاڑیوں تک پھیل گئی۔ اس سے بہت سے لوگ اندر پھنس گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تلاش اور امدادی کارروائیاں کیں اور 12 زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ ناقص ٹرانسفارمر سے نکلنے والے دھوئیں کی وجہ سے لگی ہے۔ دھماکہ مقامی والڈو چین اسٹور میں ہوا، جس کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔

