لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اور عوام کا اطمینان ہی اصل حکمرانی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کو انصاف، سہولت اور روزگار اُس کے دروازے پر ملے، یہ صرف میرا وعدہ نہیں، مشن اور عزم ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکانِ اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات ہوئی، جس میں فیصل آباد ڈویژن کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، سیاسی منظرنامے اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصل آباد کے پارلیمنٹرینز نے وزیراعلیٰ کی ویژنری اور بے لاگ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فیصل آباد کو الیکٹرو بس سروس فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فیصل آباد پنجاب کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی ترقی پورے صوبے کی معیشت کو تقویت دیتی ہے۔
اراکین اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں ترقی، شفافیت اور عوامی خدمت کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اقتدار میں آئی ہیں، روزانہ عوام کو نئی خوشخبری مل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ انہوں نے امن و امان کو فوری اور مؤثر فیصلوں سے سنبھالا ہے جو پورے ملک کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔
اراکین اسمبلی نے ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم جیسے منصوبوں کو سراہا جو نوجوانوں کو بااختیار بنا رہے ہیں اور انہیں بہتر مستقبل کے لیے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
 
		
 
									 
					