اسلام آباد :پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں انڈین فوج کی قیادت کو خبردار کرتا ہوں کہ جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی جگہ نہیں۔
ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص میں افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا۔
انہوں نے انڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اہم معاملات باہمی احترام اور بین الاقوامی روایات کے مطابق حل کریں۔ ہم آپ کے بیانات سے ڈرنے والے نہیں، ہم آپ کی طرف سے معمولی اشتعال کا جواب بھی بھرپور طریقے سے دیں گے جس کی ذمہ داری انڈیا پر ہو گی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے اپنے عزم سے دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا، پہلے کے مقابلے میں قوم زیادہ یکجا اور متحد ہوئی۔دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے متعلق آرمی چیف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات کی تائید ہے اور یہ خلیجی ممالک اور جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔
یہ پاکستانی عوام اور افواج کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور یہ ہماری حرمین شریفین کے تحفظ کے مخلصانہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس موقعے پر انہوں نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا؛
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر
فیلڈ مارشل نے افغانستان کے ساتھ کشیدگی سے متعلق کہا کہ انڈیا نے معرکہ بنیان مرصوص میں ناکامی کے بعد ریاستی پشت پناہی کے ساتھ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔
ہمارے خلاف فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کو استعمال کر کے دنیا کے سامنے انڈیا نے اپنا منافقانہ اور سفاک چہرہ بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ہم افغان عوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد اور حقائق چھپانے پر مشترکہ استحکام اور ترقی کو ترجیح دیں۔
طالبان رجیم ان دہشت گردوں کو لگام ڈالے جن کے ٹھکانے افغانستان میں ہیں اور وہ افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر سفاکانہ حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کے بہادر عوام بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر یقینی طور پر اس فتنے کو شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ روایتی جنگ میں ہماری کامیابی کی طرح ہمارے پڑوسی کی کسی بھی پراکسی کو ہم نیست و نابود کر دیں گے۔
فیلڈ مارشل منیر نے کہا کہ مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والے 4 روزہ تنازع، معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے اور عزم کی حالیہ مثال نے قوم کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے، افواجِ پاکستان نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تمام خطرات کو ناکارہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، متعدد اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایس 400 دفاعی نظام بھی شامل تھا، اور پاکستان نے کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے اپنی صلاحیت اور دفاع کے عزم کو ثابت کیا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران عمر، رنگ، نسل، مذہب یا مسلک سے قطع نظر، قوم کے تمام لوگ فولادی دیوار کی طرح یکجا کھڑے ہوئے، اس نے حب الوطنی اور قومی جوش و خروش کی ایک نئی روح پیدا کی جو پورے پاکستان میں غالب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی کامیابی نے ہمارے ماضی کی شاندار اور باوقار فتوحات کی یادوں کو تازہ اور مزید مضبوط کیا ہے، پاکستان ایک بار پھر ایک مکار دشمن پر فتح یاب ہوا، جو اسٹریٹجک اندھا پن، سادہ لوحی، تکبر اور اپنے گمراہ کن برتری کے خوابوں میں مبتلا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جلد بازی میں الزام تراشی، غیرجانبدار تحقیقات سے گریز اور خود ساختہ شواہد پر انحصار اس بات کی علامت ہے کہ اس نے دہشت گردی کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان نے اپنی قانونی اور واضح فتح کی بدولت نہ صرف اپنی عوام بلکہ عالمی برادری کی گہری تعریف حاصل کی ہے، حالاں کہ دشمن تعداد میں زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے اندرونِ ملک ہماری قوم کو مزید متحد کیا ہے، اور کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کے مقابلے میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بنایا، اس نے خاص طور پر نوجوانوں کے اندر یہ اعتماد پیدا کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا بنیادی ستون ہیں اور ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں۔
اپنے خطاب کے آغاز میں آرمی چیف نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے خوبصورت انداز میں تیار کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے دوست ممالک ملائیشیا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا، بنگلہ دیش، یمن، مالی، مالدیپ، اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو بھی پی ایم اے کاکول جیسے تاریخی حیثیت کے حامل معزز ادارے میں اپنی بنیادی تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپ سب کے لیے فخر کا لمحہ ہے جو ہماری مضبوط عسکری شراکت داری اور بین الاقوامی بھائی چارے کی علامت ہے۔
آخر میں فیلڈ مارشل منیر نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کردار ہمیشہ عسکری عظمت کی علامت رہا ہے، اور آج دکھائے گئے معیار بھی اسی روایت کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

